شدید گرمی میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، اسکولوں میں طلبہ بھی متاثر، برقی آلات جلنے لگے
جیکب آباد (رپورٹ: محمد علی راجپوت) جیکب آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے علاوہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش اور بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔شہریوں کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے باعث گھروں میں بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی بار بار ٹرپنگ کے باعث برقی آلات بھی جلنے لگے ہیں اور شہریوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔دوسری جانب اسکولوں میں بجلی کی بندش نے طلبہ و طالبات کے لیے بھی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ اسکولوں کے اوقات کار میں بجلی بند رہنے سے شدید گرمی اور حبس کے باعث کلاس رومز کا ماحول انتہائی متاثر ہورہا ہے جبکہ بعض بچوں کی طبیعت بھی خراب ہونے لگی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جیکب آباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور بجلی کی بار بار ہونے والی ٹرپنگ کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ شہریوں کو شدید گرمی میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
جیکب آباد میں طویل لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی




