پنجاب کے سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

شدید گرمی کے باعث 25 مئی سے چھٹیوں کا امکان؛ محکمہ سکول ایجوکیشن نے تجاویز تیار کر لیں، حتمی فیصلہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کریں گے
ویب ڈیسک
10 مئی 2026
پنجاب میں بڑھتی ہوئی تپش اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی سالانہ تعطیلات کے حوالے سے چہ مگوئیاں تیز ہو گئی ہیں، محکمہ سکول ایجوکیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار شدید گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری و نجی سکولوں میں 25 مئی سے چھٹیوں کا آغاز کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے جو کہ 16 اگست تک جاری رہ سکتی ہیں۔ محکمہ ایجوکیشن نے ان ممکنہ تاریخوں پر مبنی ابتدائی ڈرافٹ تیار کر لیا ہے، تاہم ان تعطیلات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن صوبائی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد ہی جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے سکولوں میں چھٹیوں کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ تعلیم کے پاس اس وقت تین سے چار مختلف تجاویز موجود ہیں جن پر تفصیلی مشاورت جاری ہے۔ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کو بھی اولیت دے رہے ہیں، اس لیے موسم کی شدت کو دیکھ کر ہی کوئی ایسا فیصلہ کیا جائے گا جس سے طلبہ کا تعلیمی حرج بھی نہ ہو اور وہ گرمی سے بھی محفوظ رہ سکیں۔
ذرائع کے مطابق اگر گرمی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا تو چھٹیوں کا اعلان قبل از وقت بھی کیا جا سکتا ہے، فی الحال تمام سرکاری سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ٹھنڈا پانی فراہم کریں اور اسمبلی گراؤنڈ کے بجائے کلاس رومز میں ہی کروائی جائے۔ والدین اور اساتذہ بے صبری سے حتمی نوٹیفکیشن کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پروگرامز ترتیب دے سکیں، توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے چند روز میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے مشاورت کے بعد چھٹیوں کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں