محترمہ وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جے پی ایم سی میں جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کر دیا

کراچی (رپورٹ: پیر بخش نوناری) 10 جون 2026

صوبائی وزیرِ صحت سندھ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے آج جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کے ’سینٹر آف ایکسیلنس فار ویمن ہیلتھ اینڈ ریسرچ‘ کے پروفیسر شیریں بٹہ کمپلیکس میں قائم جدید ماڈیولر الیکٹو اور ایمرجنسی آپریشن تھیٹرز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس اہم تقریب میں ہسپتال کی اعلیٰ انتظامیہ، ماہرینِ طب اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کا ایک جذباتی لمحہ تب دیکھنے میں آیا جب سرجری لسٹ میں شامل ایک مریض نے وزیرِ صحت کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے اپنی خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔

تقریب میں شرکت کرنے والی شخصیات
افتتاحی تقریب میں جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان، جے ایس ایم یو کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ، ڈین جے پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر حلیمہ یاسمین، ڈاکٹر نسرین فریمہ، ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر یحییٰ اور ڈاکٹر نوشین، اے ڈی ایم ڈاکٹر صدام صالح اور انچارج سیکیورٹی ڈاکٹر عادل سمیت شعبہ طب سے وابستہ دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

وزیرِ صحت کا خطاب اور عزمِ نو
اپنے خطاب میں ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جے پی ایم سی کی انتظامیہ کی انتھک محنت اور لگن کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے غریب اور مستحق عوام کو سرکاری سطح پر نجی ہسپتالوں جیسی جدید اور معیاری سرجیکل سہولیات فراہم کرنا حکومتِ سندھ کا مشن ہے اور ان آپریشن تھیٹرز کا قیام اسی مشن کی ایک کڑی ہے۔ وزیرِ صحت نے پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں جے پی ایم سی کے شعبوں میں میرٹ، شفافیت اور بہترین انتظامی نظام کو یقینی بنایا گیا ہے جو دیگر سرکاری اداروں کے لیے ایک مثال ہے۔

سہولیات میں توسیع کا وعدہ
وزیرِ صحت نے جناح اسپتال کے طبی عملے کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ہسپتال کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن مالی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جناح اسپتال میں مریضوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے جاری اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ کراچی کے سب سے بڑے طبی مرکز کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں