عوام کے لیے بڑی خوشخبری: عالمی منڈی میں تیل سستا ہوتے ہی پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں گرانے کی تیاری، وزیراعظم کا بڑا حکم

کراچی (ویب ڈیسک) 18 جون 2026

ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں یکدم نیچے آنے سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ اس اہم معاشی و سفارتی پیش رفت پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرول صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے قیمتوں میں واضح کمی کا عندیہ دے دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ اقدامات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر آنے والی اس تبدیلی کے بعد وفاقی حکومت نے فوری طور پر سر جوڑ لیے ہیں تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والے اس غیر معمولی فائدے کو بلا تاخیر پاکستان کے مہنگائی سے متاثرہ عوام تک منتقل کیا جا سکے اور انہیں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی دن رات کی سفارتی کاوشیں آخر کار رنگ لا رہی ہیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی امن معاہدے کے اثرات بین الاقوامی تیل مارکیٹ پر واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں جہاں قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں، اسی تناظر میں وزیراعظم نے سخت اور واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونی والی اس کمی کا پورا فائدہ عوام کو فوری اور براہِ راست منتقل کیا جائے تاکہ عوام کو سستا پیٹرول مل سکے۔

وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں ایک اور بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ایک انتہائی شفاف اور “ہفتہ وار فارمولا” مرتب کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اس پر تیزی سے کام کرے گی۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اس نئے اور شفاف فارمولے کی بدولت عوام خود قیمتوں میں ہونے والی کسی بھی تبدیلی یا اتار چڑھاؤ کی وجوہات کو آسانی سے سمجھ سکیں گے اور اس پورے عمل کو تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریگولیٹرز سے مکمل مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دی جائے گی تاکہ کسی ابہام کی گنجائش نہ رہے۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ شدید علاقائی کشیدگی اور بحران کے باوجود حکومت نے پاکستان میں تیل کی سپلائی چین کو ایک لمحے کے لیے بھی متاثر نہیں ہونے دیا اور ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بلا تعطل برقرار رکھی گئی جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت اب ملک کے توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے اور ریاستی مفادات کے تحفظ کے لیے متعدد نئے انقلابی اقدامات پر کام جاری ہے، جبکہ انہوں نے اس مشکل بحران کے دوران حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر تمام شراکت داروں اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں