نئی دہلی: (ویب ڈیسک)
بالی ووڈ کی متنازعہ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے کانگریس رہنما راہول گاندھی کے ساتھ اپنی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ایک گھٹیا پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک میم تیزی سے وائرل ہو رہی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کنگنا رناوت نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ اگر راہول گاندھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں تو وہ ان سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس خبر نے بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی تھی، جسے کئی پلیٹ فارمز پر حقیقت کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔
اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر اس وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور اسے مکمل طور پر جعلی قرار دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسی من گھڑت خبریں پھیلانا نہ صرف شرمناک ہے بلکہ یہ خواتین سیاستدانوں کے وقار کو مجروح کرنے کی ایک دانستہ کوشش ہے۔
کنگنا رناوت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں سرگرم خواتین کو اکثر اس طرح کے بے بنیاد حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان سے منسوب کیا گیا بیان محض ایک فرضی پوسٹ ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ کنگنا رناوت اپنے بے باک بیانات اور بی جے پی کی سخت حامی ہونے کی وجہ سے اکثر خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں، تاہم اس بار انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی گمراہ کن مہم کو برداشت نہیں کریں گی۔




