کاروبار و صنعت میں گراں قدر خدمات: حمزہ یعقوب تابانی کو ‘ستارۂ امتیاز’ ملنے پر پروقار عشائیہ کا اہتمام

کراچی (بزنس رپورٹر) 8 جون 2026

تابانی گروپ کے چیئرمین و سی ای او حمزہ یعقوب تابانی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے کاروبار، صنعت اور سماجی شعبوں میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ‘ستارۂ امتیاز’ (S.I) سے نوازے جانے پر تابانی گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے ایک انتہائی پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ملک بھر کی معروف شخصیات، سفارت کاروں اور سرکاری حکام نے شرکت کر کے حمزہ یعقوب تابانی کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

گورنر سندھ کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت
اس تقریب میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ عشائیے میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سفارتی برادری کے اراکین، وفاقی و صوبائی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، صنعتکاروں، معروف کاروباری شخصیات اور حمزہ یعقوب تابانی کے قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب کی میزبانی تابانی گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز حاتم یعقوب تابانی، محمد منیب یعقوب تابانی، عبد الواسع یعقوب تابانی، محمد ارحم حاتم تابانی اور محمد محیب حاتم تابانی نے کی۔

حمزہ یعقوب تابانی کا جذباتی اور پرعزم خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ یعقوب تابانی نے اس اعلیٰ قومی اعزاز کے حصول پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے مرحوم والد محمد یعقوب تابانی کو یاد کرتے ہوئے جذباتی انداز میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی بصیرت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور قائدانہ صلاحیتیں آج بھی تابانی گروپ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ستارۂ امتیاز صرف ان کا ذاتی اعزاز نہیں، بلکہ یہ تابانی گروپ کے تمام ساتھیوں اور ان افراد کی محنت کا ثمر ہے جنہوں نے ان کے اس طویل اور کامیاب سفر میں ہر قدم پر ان کا ساتھ دیا ہے۔

معاشی استحکام اور مستقبل کا عزم
اس تقریب میں شریک مہمانوں نے حمزہ یعقوب تابانی کی کاروباری دیانت اور صنعتی ترقی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ شرکاء نے اس موقع پر پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ حمزہ یعقوب تابانی جیسے صنعت کار ملک کے معاشی مستقبل کے لیے ایک امید کی کرن ہیں۔ تقریب کے آخر میں گورنر سندھ اور معزز قونصل جنرلز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ عشائیے کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہوا جہاں شرکاء نے حمزہ یعقوب تابانی کو مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں