سرپرست اعلیٰ یو بی جی کی غیر معمولی خدمات انکی بے لوث جدوجہد کا اعتراف ہے
کراچی(بزنس رپورٹر)09جون2026 مرکزی ترجمان یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) گلزار فیروز نے کہا ہے کہ یو بی جی کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے ملک کی کاروباری برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے، اس کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ ان کی قیادت، بصیرت اور انتھک جدوجہد نے بزنس کمیونٹی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔گلزار فیروز نے اپنے بیان میں کہا کہ ایس ایم تنویر نے ہمیشہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر کاروباری برادری کے اجتماعی مفادات کو ترجیح دی۔ انہوں نے مشکل حالات میں تاجروں اور صنعتکاروں کی بھرپور نمائندگی کی اور حکومتی اداروں کے سامنے کاروباری طبقے کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہم مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی۔ یو بی جی ترجمان نے مزید کہا کہ جس طرح پاکستان کی دنیا میں عزت اور مرتبہ بڑھانے اور قوم کا سربلند کرنے والے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر پرہمیں ناز ہے اسی طرح کاروباری برادری اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے پر ایس ایم تنویر کو اپنا ”فیلڈ مارشل” قرار دیتی ہے تو یہ ایس ایم تنویر کی غیر معمولی خدمات، قائدانہ صلاحیتوں اور کاروباری طبقے کے لیے بے لوث جدوجہد کا اعتراف ہے،سرپرست اعلیٰ یو بی جی نے اپنی دانشمندانہ قیادت سے ثابت کیا ہے کہ مضبوط عزم، دیانت داری اور خدمت کے جذبے سے بڑے سے بڑا چیلنج بھی کامیابی سے سر کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویر کی قیادت میں یونائٹیڈ بزنس گروپ ملک کی سب سے مضبوط اور منظم کاروباری قوت بن کر ابھرا ہے، ان کی دور اندیش پالیسیوں اور مثبت سوچ نے نہ صرف بزنس کمیونٹی کو متحد رکھا بلکہ نوجوان کاروباری رہنماؤں کی بھی حوصلہ افزائی کی، جس سے تنظیم مزید مضبوط اور فعال ہوئی۔گلزار فیروز کا کہنا تھا کہ ایس ایم تنویر نے فیڈریشن اور ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے پلیٹ فارم سے کاروباری برادری کے حقوق کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی خدمات صرف یو بی جی تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کی تاجر اور صنعتی برادری ان کی کاوشوں کی معترف ہے۔




