ایران جنگ بندی معاہدے پر رضا مند، امریکا منجمد اثاثے جاری کرنے پر تیار، امریکی میڈیا کا انکشاف

امریکا اور ایران کے درمیان بڑی پیش رفت، ممکنہ جنگ بندی معاہدہ قریب

اہم نکات سامنے آگئے، پابندیاں ختم اور منجمد اثاثوں کی بحالی پر غور

کراچی | ویب ڈیسک May 06, 2026

کراچی: امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں ممالک ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایک صفحے پر مشتمل مجوزہ معاہدہ زیر غور ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کی بنیاد بن سکتا ہے۔ اس معاہدے میں کئی اہم نکات شامل کیے گئے ہیں جو خطے میں امن کے قیام کے لیے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے پر عائد پابندیاں ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے عالمی تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کر سکتا ہے، جو ایران کی معیشت کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔

معاہدے کی دیگر اہم شقوں میں ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی روکنے اور امریکا کی جانب سے اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نہ صرف خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں